ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

پاکستان ترکی اقوام متحدہ اور او آئی سی میں ایک دوسرے کی حمایت کریں گے، مشترکہ اعلامیہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ترکی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رہے گی، پاکستان نیوکلئیر سپلائر گروپ میں شمولیت کیلئے ترکی کی حمایت کو سراہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ ترکی سے متعلق دونوں ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکی کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کے وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور خسرو بختیار بھی شامل تھے۔

عمران خان اورترک صدر کےدرمیان ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے دیرینہ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے پر اظہاراطمینان اور قومی مفاد کے تمام مسائل پرباہمی تعاون کو بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے عوام کیلئے اقتصادی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک تعاون کونسل کا چھٹا اجلاس پاکستان میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور اجلاس کی تاریخ دونوں ممالک باہمی مشاورت سےطے کریں گے۔

اس کے علاوہ عوامی مفاد کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید بڑھانے اور پاک ترک اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل کے میکانزم کی اہمیت پر زور دیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا، موجودہ اقتصادی اورتجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

تعلیم، ثقافت، سیاحت اور زراعت کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان اور ترکی کی جانب سے نوجوانوں سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر خطے میں دہشت گردی کےخاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

رہنماؤں نے اس بات کا عزم کیا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اس موقع پر دونوں ممالک کے عالمی سطح پرجاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رہے گی اور عالمی سطح پر امن سلامتی اور استحکام کیلئے مشترکہ کردار اداکیا جائے گا۔

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل ضروری قرار دیا گیا، ہرقسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ عزم کا اظہار کیا گیا، اس کے علاوہ فتح اللہ گولن کی دہشت گرد تنظیم کےخلاف مؤثرکارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان کی جانب سے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے ترکی کی حمایت پرشکریہ ادا کیا گیا، پاکستان کی طرف سے این ایس جی کی ہدایت پر مکمل عملدرآمد کایقین دلایا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت سے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے مقاصد کو تقویت ملے گی، افغانستان میں امن،استحکام افغان عوام کےتعاون کے بغیر ممکن نہیں، افغان امن کیلئے علاقائی اور عالمی برادری کی حمایت ضروری ہے، القدس کی قانونی حیثیت اورتاریخی کردارکو تبدیل کرنے کی کوششیں مسترد کرتے ہیں، فلسطین کےعوام کی آزادی اور خود مختاری کیلئے حمایت جاری رکھنے پر زور دیا گیا

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اسلام کی حقیقی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا گیا، اعلامیہ کے مطابق اسلامی تشخص کومسخ کرنے کی کوششوں کو خلاف حکمت عملی بنائی جائے گی، دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کو مضبوط تجارتی تعلقات میں بدلنے پر اتفاق کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں