اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی اور اسرائیلی لیڈر اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان کے لوگ حیران نہیں ہوتے کہ یہ لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی اور اسرائیلی لیڈر اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے عالمی قوانین اور اپنے آئین توڑتے ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ کیا ان کے لوگوں کو غصہ نہیں آتا؟ حیران نہیں ہوتے کہ یہ لیڈر الیکشن کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔
When ldrs in Israel & India show a moral bankruptcy in their readiness to annex occupied West Bank & IOK in defiance of int law, UNSC resolutions & their own Constitution for votes, don’t their ppl feel a sense of outrage & wonder how far they will go simply to win an election?
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 9, 2019
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی، پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے امن پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہایت دانشمندی سے بھارت کے جنگی جنون کا جواب دیا، اس کے باوجود بھارت کے سر پر جنگ سوار ہے۔
مودی سرکار صرف الیکشن جیتنے کے لیے نہ صرف بھارت میں فرقہ واریت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ پاکستان سے بھی جنگ کرنے پر تلی بیٹھی ہے۔
گزشتہ روز مودی کی جماعت نے اپنے منشور کا بھی اعلان کیا ہے جس میں دوبارہ اقتدار ملنے پر بابری مسجد کی جگہ جلد سے جلد رام مندر بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
منشور میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت بنانے کی سازش کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 35 کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے، آرٹیکل 35 کے تحت مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل ہے اور کوئی غیر کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جائیداد خریدنے کا اہل نہیں ہے۔