منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

”خطرہ ہے یہ لوگ کیسز ختم کروانے کے چکر میں ملک تباہ نہ کردیں“

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ خطرہ ہے این آر او ٹو لیتے لیتے یہ ملک کو تباہ کریں گے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جیسے معیشت سنبھالنے کی کوشش کی ان کے پاس کوئی پلان نہیں تھا، ان کی حکمت عملی صرف اپنے خلاف مقدمات کا خاتمہ ہے، سب سے زیادہ خطرہ یہ ہے این آر او ٹو لیتے لیتے یہ ملک کو تباہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آتے ساتھ نیب قوانین میں ترمیم کرکے اسے ختم کردیا، ایف آئی اے میں خطرناک چیزیں ہورہی ہیں، ایف آئی اے افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے مرگئے، منی لانڈرنگ کیس کا اہم گواہ مقصود چپڑاسی بھی دبئی میں ہارٹ اٹیک سے مرگیا، اس سے قبل جج ارشد ملک کا بھی ہارٹ اٹیک سے ہی انتقال ہوا تھا۔

- Advertisement -

عمران خان نے کہا کہ ان کا ماضی ہے جب ججز کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو عدالت پر حملہ کردیتے ہیں، یہ ججز کے فون ٹیپ کرتے ہیں، ان کی وڈیوز بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکی آمیز مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی اور اسپیکر کو دکھایا، صدر کو بھی بھجوایا، آصف زرداری اور شہباز شریف اس سازش میں شامل تھے ڈونلڈ لو نے کہاعمران خان کو ہٹاؤ گے تو معاف کردیں گے، ثابت ہوا مداخلت ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف ملک سنبھال نہیں سکتے تو سازش کرکے حکومت کیوں گرائی، شہباز شریف کی نا اتنی اہلیت ہے اور نہ ہی انہوں نے تیاری کی تھی، ہمارے آخری 2 سال تاریخ کے 30 سالوں میں بہترین پرفارمنس تھی صنعتیں اور زراعت آگے بڑھ رہی تھیں، ٹیکس کلیکشن بھی ریکارڈ تھی، اور ترسیلات زر بھی ریکارڈ آرہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آتے ہی مہنگائی کا طوفان آچکا ہے، 2 مہینے میں جو مہنگائی ہوئی اتنی ہمارے ساڑھے 3 سال میں نہیں ہوئی ، مجھے لگتا ہے یہ زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکتے ہیں یہ ایک سال کا بجٹ نہیں ایک دو مہینے کا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کیلئے انتخابی مہم اور الیکشن جیتنا ناممکن ہے، یہ اپنے مقدمات ختم کریں گے اور الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کریں گے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے 90 فیصد دھاندلی ختم ہوجانی تھی، لیکن انہوں نے قانون ہی ختم کردیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آئی ایم ایف تو ہم پر بھی دباؤ ڈال رہا تھا لیکن ہم نے اپنی کوششوں سے عوام کو مہنگائی سے بچایا، بلاول بھٹو نے 4 روپے پٹرول بڑھنے پر مارچ کیا تھا، اب کسی کو مہنگائی نظر نہیں آرہی، میں نے پہلے بتایا تھا کہ سازش کامیاب ہوگئی تو معیشت عدم استحکام کا شکار ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگلا پاور شو منصوبہ بندی کے تحت کرے گی، ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، سپریم کورٹ سے اجازت لیں گے کہ کیا ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت ہے، اگر ہمیں احتجاج کا حق نہیں تو کہہ دیں ملک میں جمہوریت ختم ہوگئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کا برطانوی سفیر کو کیک کھلانا باعث شرم ہے، یورپی ممالک اور امریکا کے سامنے جتنا گریں گے وہ اتنا ہی حقارت سے دیکھیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں