تازہ ترین

عمران خان کا ریکارڈڈ ویڈیو بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا گرفتاری سے قبل دیا گیا ریکارڈڈ ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے گرفتاری سے قبل ریکاڈڈ ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’جب تک میرے یہ الفاظ آپ تک پہنچیں گے مجھے ایک ناجائز کیس میں بند کردیا گیا ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی قانون نہیں توڑا یہ سب کچھ اس لیے کیا جارہا ہے کہ میں حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے ہٹوں۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ کرپٹ ٹولے کی حکومت کو قبول کروں، کبھی کسی قوم کو آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی جاتی، آزادی کے لیے جدوجہد اور محنت کرنا پڑتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آپ سب اپنے حقوق کے لیے نکلیں، آپ کو اپنے حقوق اور آزادی کے لیے نکلنا ہوگا۔

یہ پڑھیں: عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے انہیں رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے۔

سابق وزیراعظم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب مختلف مقدمات کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پولیس اور وکلا میں تصادم بھی ہوا۔

عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی سمیت ملک کے مختلف سیاسی رہنماؤں سمیت انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن نے سخت مذمت کی ہے۔

Comments

- Advertisement -