وہاڑی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ووٹ کا تقدس پامال ہوتا رہے گا ملک میں غریب طبقہ پستا رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل جب عمران خان خطاب کرنے کیلئے جلسہ گاہ میں پہنچے تو پارٹی نغموں اور نعروں کی گونج میں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
عمران خان نے کسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حقوق کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں ،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ملک کو زرخیز زمین جیسی نعمت نوازا ہے لیکن دن بدن کسانوں کے حالات بگڑتے جا رہے ہیں اور پچھلے دو سالوں میں کسانوں کا برا حال ہے۔
کسانوں کی آمدنی کم ہوتی جا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا اس کو ووٹ دینا جو کسانوں کی مدد کرے اپنے ووٹ کو ضائع نہ کرنا۔
انہوں نے کہا جوڈیشل کمیشن نے الیکشن کمیشن پر چالیس اعتراضات اٹھائے جواب دیا جائے۔ اگر الیکشن کمیشن نے مطمئن نہ کیا تو پھر سڑکوں پر نکلنا مجبوری ہو گی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ دو سال تک انتخابی نظام بہتر بنانے کی مہم کا مقصد غریب کے ووٹ کی طاقت کو بڑھانا تھا۔
چیئر مین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چھوٹے ڈیم بنادیئے جائیں تو ملک ہر سال ہونے والی تباہی سے بچ سکتا ہے، جلسے میں شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔