پشاور: سینئر وزیر خیبرپختونخوا محمد عاطف خان نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کو ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے موقع پر ملکی ترقی کے لیے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کے اس دورے میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان اور چین کے درمیان دیگر شعبوں میں مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، نادرن ایریاز کی سیاحت میں چین گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
خیال رہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی
وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔