اسلام آباد : نامزد وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے تاریخ شاہد ہے ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے، اردگان اور ترک عوام کو یقین دلاتاہوں دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترک صدر کے لئے خیر سگالی کا پیغام دیتے ہوئے کہا اردگان اور ترک عوام کویقین دلاتا ہوں میری اور پاکستانیوں کی دعائیں ان کےساتھ ہیں، یقین ہے ترکی درپیش سنگین اقتصادی بحران سے کامیابی سے نمٹ لے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا تاریخ شاہد ہے ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے، ترک بحیثیت قوم ہرآزمائش میں سے سرخرو ہو کر نکلے ہیں۔
On behalf of the people of Pakistan & myself, I want to let President Erdogan & the people of Turkey know we are praying for their success in dealing with the severe economic challenges confronting them, as they have always succeeded against adversities in their glorious history.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 14, 2018
یاد رہے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں۔
امریکا کی جانب سے ترک مخالف بیان کے بعد ترک کی کرنسی لیرا بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی قدر میں ریکاڑ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مزید پڑھیں : امریکا سے تنازع ترک کرنسی پر اثرانداز ہونے لگا، لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی
خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی تھی۔
طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔
واضح رہے ترک صدررجب طیب اردوان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے الیکشن میں کامیابی پرمبارک باد دی اور آئندہ حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔