اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر صورت آٹا بحران کے ذمہ داروں کے نام سامنے لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ آٹے کے بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، حکومتی معاملات کو پبلک ہونا چاہیے یہ عوام کا حق ہے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو مافیا کا معلوم ہے تو کھل کر ان کا ذکر کریں، کابینہ کا حصہ ہوتا اور مافیا کا پتہ ہوتا تو وزیراعظم عمران خان کو ضرور آگاہ کرتا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آٹے کا بحران آیا تو اس مسئلے کو حل بھی کیا، آٹے بحران پر رپورٹ آئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی، 5سال کے لیے آئے ہیں اچھی معیشت دے کر جائیں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جہاں بھی مافیاز ہیں کوئی نہیں بچ سکتا، تھوڑا وقت درکار ہے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہر صورت آٹا بحران کے ذمہ داروں کے نام سامنے لائیں گے۔
وزیراعظم کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔
رپورٹ میں آٹا بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس، سیاسی شخصیات کی نشاندہی کی گئی تھی،رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ اور انتظامی نااہلی سے آٹا بحران پیدا ہوا