تازہ ترین

سب اکٹھے ہو جائیں عمران خان مقابلہ کریں گے: جہانگیر ترین

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مخالفین اکٹھے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، سب اکھٹے ہو جائیں عمران خان سب کا مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ بڑی پارٹیوں کے لیڈر پیسا بنانے سیاست میں آتے تھے، عمران خان نے آ کر لوٹ مار بند کر دی ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا مجھے پتا ہے مہنگائی کا مسئلہ ہے، تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، چھ ماہ سے ایک سال میں حالات بدلنا شروع ہو جائیں گے، پھر پاکستان پائیدار ترقی کرے گا۔

انھوں نے کہا ملک میں اوپر کی سطح پر معیشت میں استحکام آ رہا ہے، عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی نئے پروجیکٹس پر کام شروع کر دیا جس سے ملک آگے بڑھے گا اور لوگوں میں خوش حالی آئے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کو پیسا دینے کی بجائے انھیں خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے یہ کام شروع کیا، لوگ اگر مرغی اور چوزے پالیں تو معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ حالات نہ بگاڑے جائیں، پانچ سال انتظار کریں، اگلے چار سال پی ٹی آئی کے ہیں جو ہم ضرور گزاریں گے۔

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں وزیر اعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغ بانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا، بتایا گیا کہ یہ پروگرام نیشنل ایگریکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آیندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی۔

Comments

- Advertisement -