لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل ہوئیں تو چھیاسٹھ فیصد پاکستان میں الیکشن ہوگا۔ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان کےلئے کیا ہےکہ عام انتخابات ہوں
انہوں نے حکومت کو مشروط بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اوربات کریں یہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر عام انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلی تحلیل کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کا آصف زرداری کو مشورہ
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے تو بہت کوشش کی مگر یہ عام انتخابات کا نام نہیں لیتے،ان کو ڈر لگا ہے کہ عام انتخابات ہوئےتو انھوں نے ہار جانا ہے۔
ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہے
پی ٹی آئی کی پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر ق لیگ مکمل طور پر ہمارے ساتھ کھڑی ہے، پرویزالہٰی نے مجھے پورا اعتماد دیاہے انہوں نے یقین دلایا کہ جب کہوں گا اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
ان کا پلان مجھے جیل میں ڈالنا اور نااہل کرانا ہے
پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد ہم پر کیسز کرنا اور کسی طرح مجھےنااہل کرنا ہے،آصف زرداری نے تو کہا کہ عمران خان کو ڈس کوالیفائی کریں یا جیل میں ڈالیں، پی ٹی آئی کو ہراساں کرنےکےسوا ان کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔
اسحاق ڈار آج چپ کرکے بیٹھ گیا
اپنے ویڈیو لنک خطاب میں ملک کی معاشی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ 88فیصد سرمایہ کاروں کو اس حکومت پر اعتماد نہیں کیونکہ ان کے پاس ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار لندن سے آیا جو کہتا تھا کہ میں سب ٹھیک کردوں گا آج چپ کرکے بیٹھ گیا، خبردار کررہا ہوں کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھ رہاہے،50سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے،اسٹریٹ کرائم بڑھ گیا۔