اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے توہین عدالت کیس میں التواکی درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے توہین عدالت کیس میں التوا کی درخواست دائر کردی۔
سلمان اکرم راجہ نے التوا کی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرا موکل افسوسناک واقعہ کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ موکل اسپٹالائزڈ ہونے کی وجہ معاملہ پر جواب جمع کرانا ممکن نہیں ، استدعا ہے کہ مقدمہ کو فی الحال سماعت کیلئے مقرر نہ کیا جائے۔
یاد رہے سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرایا تھا۔
عمران خان نے جواب میں سپریم کورٹ کو کرائی گئی یقین دہانی سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلی جواب کیلئے عدالت سے 3 نومبر تک کی مہلت مانگی تھی۔
جواب میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ کا میری طرف سے کرائی گئی کسی یقین دہانی کا علم نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا احترام ہے، سپریم کورٹ کے کسی حکم کی خلاف ورزی کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی سینئر قیادت کی جانب سے کسی یقین دہانی کا بھی علم نہیں اور سپریم کورٹ کے ڈی چوک نہ آنے کے فیصلے کابھی علم نہیں۔