پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا دورہ پشاور منسوخ ہوگیا ، وہ ویڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی پارٹی سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطانق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا دورہ پشاور موسم خرابی کے باعث منسوخ ہوگیا ، اب عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی پارٹی سے خطاب کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے پی محمود خان،پرویز خٹک،اسد قیصر ،صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا اور علی امین گنڈاپور زمان پارک میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی میٹنگ کی مشترکہ صدارت شوکت یوسفزئی اورکامران بنگش کریں گے ، صوبائی وزرا و کابینہ ارکان کو ہر صورت اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے اور اسمبلی کی تحلیل سے متعلق تفصیلی مشاورت کریں گے۔
اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث عمران خان کیلئے فضائی سفر ممکن نہیں، عمران خان پارلیمانی پارٹی کےاجلاس سےبذریعہ ویڈیولنک خطاب کریں گے۔
مسرت جمشیدچیمہ نے بتایا کہ عمران خان زمان پارک میں سندھ اسمبلی ممبران سےملاقات کریں گے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔