اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا پالتو شیرو بین الاقوامی شہرت یافتہ ہوگیا، آن لائن وکی پیڈیا ’شیرو‘ کے لئے صفحہ مختص کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کامیابی کے بعد ان سے منسلک ہر چیز کے چرچے آج کل عروج پر ہے، ان کے پالتو شیرو کے بین الاقوامی چرچے ہونے لگے۔
آن لائن وکی پیڈیا نےعمران خان کے ہر دلعزیز پالتو کتے شیرو اور دیگر پالتو کتوں کے لئے صفحہ بنادیا، اس صفحے پر عمران خان کے کئی کتوں کا تعارف اور تفصیل موجود ہے، جن میں سے شیرو، موٹو ، شیرنی ،پدو ، میکسیمس کے نام قابل ذکر ہیں۔
وکی پیڈیا کے منتظمین کے مطابق عمران خان کا شیرو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے لئے صفحہ مختص کردیا کیا گیا ہے۔
خیال رہے اس سے قبل آن لائن وکی پیڈیا پر امریکی صدور کے پالتو جانوروں کو بھی جگہ دی جا چکی ہے ۔
واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، جو قومی اسمبلی کی 116 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔
تحریک انصاف کوقومی اسمبلی میں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے، آزاد ارکان کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں تعداد ایک سو پچیس ہوگئی ہے۔
اقلیتی و مخصوص نشستیں ملا کر پی ٹی آئی کو 174 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ تختِ لاہور پر راج کے لیے بھی تحریکِ انصاف کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔