منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

صحافی عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

چکوال: عدالت نے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آج جمعہ کو چکوال کے مجسٹریٹ کی عدالت میں صحافی عمران ریاض کی پیشی ہوئی، عمران ریاض نے جج کے سامنے بیان دیا کہ انھیں اپنی تقریر پر کوئی افسوس نہیں۔

بیان میں عمران ریاض نے کہا مجھے رجیم چینج سیمینار میں کی گئی تقریر پر کوئی افسوس نہیں، میں اپنی بات پر قائم ہوں۔

عمران ریاض نے عدالت میں اپنے دلائل میں کہا کہ پٹرول مہنگا ہے لیکن پولیس کی دس گاڑیاں میرے ساتھ ٹریول کرتی ہیں، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

صحافی کے دلائل مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے کچھ دیر بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

عمران ریاض کے وکیل علی اشفاق ایڈووکیٹ نے 91 منٹ تک دلائل دیتے ہوئے کہا ریاست کی ایک پالیسی پر اعتراض کی قیمت مشکوک افراد کے ذریعے 18 ایف آئی آرز کی صورت میں سامنے آئی، عمران ریاض کی پوری تقریر میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں۔

وکیل نے کہا یہ کیس عمران ریاض خان کا نہیں، عدلیہ کی عزت اور وقار کا ہے، کہ جج صاحبان آزادانہ فیصلے کرتے ہیں یا نہیں؟ میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے ویڈیو روک کر تصاویر بھی جج کو دکھا دیں۔ سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آئین اداروں سے اختلاف رائے کی اجازت نہیں دیتا۔

پولیس کی جانب سے صحافی عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کے لیے استدعا کی گئی تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس عمران ریاض کو لے کر روانہ ہو گئی۔

دریں اثنا، عدالت کے باہر عمران ریاض کے حق میں سول سوسائٹی نے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں