اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے چیئرمین اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان انڈیا روانگی کیلئے بنی گالہ سے نکل گئے، ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل کھلاڑیوں کواہم مشورے دوں گا۔
اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوتے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ان سے درخواست کی ہے کہ پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ میں کھلاڑیوں کو اپنے تجربے کی روشنی میں مشورے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی کھلاڑی اعتماد کے ساتھ کھیلیں اوربے خوف ہوکربھارت کاسامنا کریں۔
تحریک انصاف کے سربرہ نے بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ نفرت کی سیاست کمزورسیاست دان کی نشانی ہوتی ہے‘‘۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے لئے ضروری ہے کہ اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں، یہی دونوں ممالک کے لئے بہترہے۔
عمران خان آج خصوصی طیارے کے ذریعے کلکتہ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔