لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ انکی ساری کوشش ہے کسی طرح عمران خان اقتدارمیں نہ آئے نوازشریف کی شرائط ہیں کہ مجھے نااہل کرکےجیل میں ڈالاجائے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک قوم سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مریم نواز کی جانب سے عدلیہ پر کئے حملے کے ردعمل میں کہا کہ ان کو تکلیف آزاد عدلیہ سے ہے،قوم تیاری کریں یہ ہر قسم کا پریشر ڈالیں گے اور ملک میں قانون کی عملداری نہیں ہونےدینگے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ کے جج پر حملہ مارشل لا میں نہیں جمہوری دور میں ہوا،انہوں نے جسٹس سجاد علی شاہ پر حملہ کیا،ججز کو خریدا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب انکی ساری کوشش ہے کسی طرح عمران خان اقتدارمیں نہ آئے،نوازشریف کی شرائط ہیں کہ مجھے نااہل کرکےجیل میں ڈالاجائے،پہلے کہتے تھے کہ ووٹ کو عزت دو اور الیکشن کراؤ اب یہ بھاگ رہےہیں، اپنی ذات کو بچانے کیلئےملک کو داؤپر لگایاجارہاہے۔
اپنے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آئین کی حفاظت کےلیے پوری قوم عدلیہ کی جانب دیکھ رہی ہے،عدلیہ کو قوم کی جانب سےخراج تحسین پیش کرتاہوں،ہماری ساری امیدیں اب عدلیہ سے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم آج ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے، ہم صحیح فیصلے نہیں کرینگے تو ملک تباہی کے راستے پر نکل جائیگا،جو قومیں خوشحال ہیں وہاں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے،قوم آج ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے۔