کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 607 مریض صحت یاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران 607 مریضوں نے کرونا کو شکست دی جو ایک دن میں کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ان افراد نے خود کو آئیسولیشن میں رکھ کر کرونا کو شکست دی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مہذب قوم کو ثبوت دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہیں، اپنے اہل و عیال اور خود کو کرونا سے بچانے کا واحد ذریعہ احتیاط ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھ منہ دھونے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ترغیب دینی ہے۔
پاکستان میں چوبیس گھنٹوں میں 2,255 نئے کیسز ریکارڈ، اموات 737 ہو گئیں
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 737 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 34,336 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔