کراچی : عید الفطر کے روز بھی سسرالیوں نے سابقہ بہو کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں سستی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
شہر قائد میں گھریلو تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، عید کے پہلے روز سچل تھانے کی حدود میں سسرالیوں نے سابقہ بہو کی درگت بنا دی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ سسرال والوں نے میرے پانچ سالہ بیٹے کو زبردستی رکھا ہوا ہے ملاقات کرنا چاہی تو سسرالیوں نے مار پٹائی کی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ تشدد کے بعد پولیس کو مطلع کیا لیکن کوئی جواب نہ ملا، جس پر میں شکایت لیکر تھانے پہنچ گئی مگر پھر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ دو روز سے میڈیکل لیگل پرچہ بنوانے کےلیے عباسی شہید اسپتال کے چکرلگا رہی ہوں، عید کے پہلے روز ایم ایل او بنوانے گئی تو کہا گیا کہ اگلے روز آنا،آج دوبارہ عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے اگلے روز آنے کا کہہ کر ٹال دیا۔
متاثرہ خاتون نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا اور نہ ہی ڈاکٹرز نے طبی امداد فراہم کی۔