ریاض : سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کنگ الخالد ایئر پورٹ پر میزائل حملے کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دیا ہے.
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یہ دعوی امریکی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا انہوں نے ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی جانب سے یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کا ذمہ دار حزب اللہ کو ٹہراتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے ایرانی بیلسٹک میزائل یمن سےسعودی عرب پر داغا ہے.
عادل الجبیر نے مزید کہا کہ یہ میزائل حوثی باغیوں کے زیرقبضہ علاقے سے فائر کیا گیا تھا جس کے لیے حوثی باغیوں کو ایران اور حزب اللہ کی مکمل حمایت اور معاونت حاصل تھی تاہم سعودی ایئر ڈیفنس نے اس حملے کو ناکام بنادیا جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا.
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ریاض میں واقع کنگ خالد ایئرپورٹ پر میزائل حملہ دراصل ایران کا جنگی اقدام ہے جس کی بھرپور آواز میں مذمت کرتے ہیں اور ایران کے اس اقدام کے خلاف ہر سطح پر آواز اُٹھائیں گے تا کہ خطے کے پائیدار امن کو امن دشمنوں سے محفوظ رکھا جا سکے.
ریاض، حوثی باغیوں کا ایئرپورٹ پر میزائل حملہ
خیال رہے دو روز قبل حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض میں واقع کنگ خالد ایئر پورٹ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے ناکارہ بنادیا تھا.