صوابی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے من گھڑت بیانات دے رہے ہیں، ہمیں امید ہے آئندہ انتخابات میں مفاد پرست جماعتوں کا مکمل صفایا ہوجائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مخالفین جو چاہیں کر لیں تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، اب نیا پاکستان بنے گا، ملک کی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ بحال کریں گے، من گھڑت بیانات سے صرف سیاست چمکائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نواز شریف اور شہباز شریف کا احتساب ہورہا ہے، اب اگر ان کے خلاف فیصلے آرہے ہیں تو یہ اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جس نے ملک میں جاگیرداروں کی سیاست کو فل اسٹاپ لگا دیا۔
عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لئے کارکنان کو جدوجہد کرنا پڑے گی: پرویز خٹک
خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ کے پی کے کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میں آنے سے پہلے صوبے کے تمام ادارے تباہ تھے، اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے اداروں میں اصلاحات کیں، خیبر پختونخواہ میں تعلیمی اصلاحات کر کے امیر وغریب کا فرق ختم کردیا۔
نئے پاکستان میں نواز شریف جیل میں ہوں گے: پرویز خٹک
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا تھا کہ نئے پاکستان میں نواز شریف جیل میں ہوں گے، وہ ہمیشہ بے ساکھیوں کے سہارے حکومت میں آئے، نواز شریف سہاروں کے بغیر کبھی اقتدار میں نہیں آسکتے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔