لاہور: پی ایس ایل فائیو میں آج کے میچز میں چاروں ٹیموں کے کھلاڑی بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پنک کیپ پہن کر میدان میں اترے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ 7 مارچ کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائے گا جس کے تحت کھلاڑی پنک کیپ پہن کر میدان میں اتریں گے۔
چاروں ٹیموں کے کھلاڑی میچز سے قبل بچوں کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوئے، پنک کیپ پہنے میدان میں اترنے والی بچیوں نے مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر موجود کھلاڑیوں کو پنک کیپ فراہم کی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈڈیم گلابی رنگ میں رنگا گیا، بریسٹ کینسر سے آگاہ کے لیے کھلاڑی، میچ آفیششلز اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنے۔
پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار چھاتی کے سرطان کے شکار ممالک میں ہوتا ہے، بطور ایک ذمہ دار ادارہ، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
سلمان نصیر نے شائقین سے اپیل کی تھی کہ گلابی رنگ کی شرٹ پہن کر اسٹیڈیم کا رخ کیا جائے۔