کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شیڈول سے پہلے فلور ملز مالکان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں آٹا،گندم بحران روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے شیڈول سے پہلے فلور ملز مالکان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مراد علی شاہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کی حتمی منظوری سندھ کابینہ اجلاس میں لی جائے گی۔
سندھ حکومت نے صوبے سے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
مراد علی شاہ نے محکمہ خوراک کو خبر دار کیا کہ پنجاب میں گندم کی قیمتیں بڑھانے والی مافیا سندھ میں بھی یہ کام کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ ماضی میں حکومتت کی جانب سے ستمبر میں مل مالکان کو گندم ریلیز کی جاتی تھی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ پنجاب کی طرز پر گندم پہلے جاری کرے تاکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں مستحکم ہوسکیں۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک میں گندم کی پیداوار اور دستیابی کی مجموعی صورت حال واضح کرے۔