صوابی: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوابی کے علاقے زیدہ موسیٰ بانڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں ملبے سے نکال کر باپا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دی گئیں جبکہ حادثے میں زخمی 2 افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق
اس سے قبل گزشتہ روز مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں مکان کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
یاد رہے کہ ررواں سال 27 جولائی کو اورکزئی ایجنسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ڈی پی او اورکزئی نثار خان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔