لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کرونا کی موجودہ صورت حال کے مطابق سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت کرونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قانون، صحت، انڈسٹری، اطلاعات کے صوبائی وزرا نے شرکت کی۔چیف سیکریٹری،اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ نے اجلاس میں کورونا کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
عبد العلیم خان نے اجلاس سے خطاب کے دوران کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا،ایس اوپیز پرعملدرآمد ہر کسی کی ذمہ داری ہے،سختی کرنا ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا کی موجودہ صورت حال کے مطابق سخت فیصلے کرنا ہوں گے،انتظامیہ،ٹریفک پولیس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرے۔
عبد العلیم خان نے مزید کہا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر دکانوں،مارکیٹس کو بند کیا جائے گا۔
ملک میں کرونا کیسز اور اموات میں مزید اضافہ
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں 24گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے 82 افراد انتقال کرگئے جبکہ 4688 نئے کرونا کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔