بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ٹڈی دل کا کردار ادا کر رہی ہے،عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ٹڈی دل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر سمیت منتخب نمائندوں نے ملاقات کے دوران ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت اور کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والےاقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا سے نمٹنے کے لیے سیاسی وانتظامی ٹیم متحرک ہے،کرونا کےساتھ’’ٹڈی دل‘‘کا چیلنج بھی درپیش ہے،کرونااور’’ٹڈی دل‘‘ کے خلاف کثیرالجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے،شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنماؤں نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی،موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ٹڈی دل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم اپوزیشن رہنماؤں کے منفی رویے سے مایوس ہے،افسوس کا مقام ہے اپوزیشن کرونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور مثبت اقدامات کو شہریوں نے سراہا ہے،بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کرونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں،یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرونا،ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں،عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں