کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے مزید 2286 نئے کیسز سامنے آئے اور 48 مریض جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا اپنے تازہ بیان میں کہنا تھا کہ صوبے میں گزشتہ 24گھنٹے میں کرونا کے مزید48مریض انتقال کرگئے، میں آج بہت ہی تکلیف محسوس کر رہا ہوں، اللہ پاک ان کے ورثا کو صبر دے، اب تک کرونا وائرس کے باعث مجموعی طور پر 964 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 24گھنٹے میں 11044 ٹیسٹ کیے جن میں سے 2286کیسز رپوٹ ہوئے، اب تک 340487 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، 340487ٹیسٹوں کے نتیجے میں 62269 مریض سامنے آئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 30271مریض زیرعلاج ہیں، اس وقت 1502 مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 664مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 97مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔
پنجاب میں کروناوائرس کے مزید 1899 کیسز رپورٹ
دوسری جانب ترجمان ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کروناوائرس کے مزید 1899 نئے کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد صوبے میں کرونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 60ہزار138ہوگئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 357 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسی دوران کرونا وائرس سے مزید 4 اموات ہوئی ہیں۔