اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں میں حکمرانوں نےاپنی جیبیں بھریں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کی ایک ایک پائی کی محافظ اور جوابدہ ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے سرمائے کے تحفظ کے لیے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت دیں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں بھریں، ماضی میں لوگ لوٹ کھسوٹ کر کے راتوں رات ارب پتی بنے۔ انہوں نے کہا کہ نئےپاکستان ہاؤسنگ کے نام پر کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا، ہماری کوشش ہے کنسٹریکشن انڈسٹری کو فعال کیا جائے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کنسٹریکشن انڈسٹری کو فعال کیا جائے، اپوزیشن کو سمجھ نہیں نئے پاکستان میں قانون آزاد ہے، مخالفین کا پروپگنڈا اپنے درد سے نڈھال ہونے کا ہے۔