لاہور : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے اسی لیے مہنگائی کی لہر آتے ہی حکومت نے ہر گھر کو صحت کارڈ دیا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جب سے کرونا وائرس کی وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور اب بھی دنیا بھر میں تاریخی مہنگائی کی لہر چل رہی ہے۔
حماد اظہر نے کہا کہ کرونا کے بعد پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی اور دنیا بھر میں کارخانے بند ہوگئے لیکن ہم نے مہنگائی کی لہر آتے ہی ہر گھر کو صحت کارڈ دیا اور پناہ گاہوں کا جال بچھایا اور احساس پروگرام کے تحت دو سو ارب روپے دئیے۔
وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ پنجاب میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ کا اجرا ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے سال 2022 میں مہنگائی کی کمر ٹوٹنے کی نوید سنائی اور کہا کہ گندم اور چاول کی تاریخی ہوگی اور پاکستان اس سال پانچ سے چھ فیصد معاشی گروتھ کرے گا۔