اسلام آباد: برطانو ی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں برطانیہ پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں کرونا ،ٹڈی دل سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے برطانوی ہائی کمشنر کو اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نیشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئسولیشن بیڈز،وینٹی لیٹرز کی طلب بڑھ گئی ہے، برطانیہ آکسیجن والے بیڈز،بائی پیپ وینٹی لیٹرز میں معاونت کر سکتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ برطانیہ سے ٹڈی دل اسپرے کے لیے مائیکرون اسپریز کی جلد ترسیل ہوگی۔
دوسری جانب برطانو ی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کرونا وبا کےتناظر میں این ڈی ایم اے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برطانیہ پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔
کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تکنیکی معاونت،معلومات کا تبادلہ اہم ہے، پاکستان کو ٹڈی دل کے لیے مائیکرون اسپریزکی ترسیل جلد کی جائے گی۔