پشاور: ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن دی جارہی ہے، 2روز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 734 معمر افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے تازہ اعداد وشمار جاری کیے جس میں کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 60 سال اور زائد عمر کے 7 ہزار 734 افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 4گھنٹے میں1300 ہیلتھ ورکرز کو بھی ویکسین کی دوسری ڈوز دی گئی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 5484ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز دی گئی جبکہ 28ہزار 405 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لے چکے ہیں۔
کرونا کیسز میں مزید شدت آگئی، 24 گھنٹے میں 3495 مریض کرونا کا شکار
ادھر ملک بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعداد و شمار جاری کیے۔ این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا کے 61 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں مزید تین ہزار چار 95 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔