راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو ہم نہیں بھولے، سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم نے خطرات کا سامنا کرتے ہوئے بھاری قیمت ادا کی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم نے اس کامیابی کے حصول کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہم متحد ہیں اور پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔
آئی ایس پی آر نے سانحہ اے پی ایس کے تناظر میں ہیش ٹیگ ہمیں آگے ہی جانا ہے بھی چلایا، آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو امن و استحکام کی منزل تک پہنچائیں گے۔
یہ پڑھیں: سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے : قوم دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی منزل امن و خوشحالی ہے، ہمیں متحد پرعزم ہوکر پاکستان کو امن و خوشحالی کی حقیقی منزل تک لے کر جاناہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے بہادری سے چیلنجز کا مقابلہ اور اس کامیابی کے لیے بھاری قیمت چکائی۔
واضح رہے کہ آج سانحہ اے پی ایس کو گزرے چار سال بیت گئے، مختلف شہروں میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جارہی ہیں اور دعائیں مانگی جارہی ہیں۔