اسلام آباد: راولپنڈی سے نوشہرہ جانے والے فوجی کانوائے میں شامل دو فوجی افسران کنٹینر لگانے کے سبب کھائی میں گر گئے، لیفٹیننٹ کرنل شاہد جاں بحق جب کہ میجر بلال شدید زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے لئیق الرحمان نے بتایا کہ حادثہ آج رات آٹھ بجے پیش آیا، فوج افسران راولپنڈی سے کانوائے کی شکل میں نوشہرہ جارہے تھے کہ پل بند دیکھ کر رک گئے، پل کے اوپر کنٹینر لگانے کا مقصد تھا کہ کوئی بھی گاڑی یہاں سے اسے عبور نہ کرسکے۔
رپورٹر نے بتایا کہ بند کیا جانےوالا یہ علاقہ حضرو کا مقام ہے جہاں شدید تاریکی تھی، دونوں افسران کانوائے کی گاڑیاں گزارنے کے لیے جگہ دیکھنے کے لیے باہر نکلے اور پچاس فٹ گہری کھائی میں جا گرے جہاں سخت چٹانیں ہیں جس کے سبب لیفٹیننٹ کرنل شہید اور میجر بلال زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل کے جاں بحق ہونے اور میجر بلال کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لیفٹننٹ کرنل کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا ہے کہ حادثے پر دکھ ہوا ، حادثہ حکومت کی جانب سے کنٹینر لگانے کے سبب پیش آیا۔
پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ راستے کی بندش سے لیفٹیننٹ کرنل کی شہادت پر بہت دکھ ہوا جب کہ چوہدری محمد سرور نے ٹوئٹ کیا ہے کہ زخمی میجر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔