لاہور کے مختلف علاقوں میں 7 خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات پیش آئے ہیں ایک ملزم نے تو شرمناک عمل کی ویڈیو بھی بنا ڈالی۔
پنجاب کے دارالحکومت میں ہوس کے پجاریوں کی شرمناک حرکتوں سے انسانیت بھی شرما گئی۔ پولیس کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں سات خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات پیش آئے ہیں اور ایک ملزم نے تو اس شرمناک عمل کی ویڈیو بھی بنائی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاد باغ کے علاقے میں ملزم حنیف نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس شرمناک عمل کی ویڈیو بنا کر اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔
پولیس کے مطابق نواب ٹاؤن میں اظہر نامی ملزم نے لڑکی کو میاں چنوں سے شادی کا جھانسہ دے کر لاہور بلوایا اور پھر اس کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس نے اسی علاقے میں ایک اور اخلاق سوز واقعے سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اصغر نامی ملزم نے اپنے بھائی اکبر کی مدد سے 11 سالہ لڑکی سے زیادتی کی۔
زیادتی کا ایک واقعہ نشتر کالونی میں پیش آیا جہاں ملزم وکرم مسیح نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر بے آبرو کر دیا۔ ڈیفنس میں ابرار حسین نے ایک جواں سال لڑکی سے زیادتی کی۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں فیصل نامی ملزم نے گھر میں گھس کر زبردستی ایک لڑکی کی عزت کو تار تار کر دیا۔