قصور/ گوجرانوالہ: پنجاب میں تسلسل کے ساتھ کم سن بچیوں سے زیادتی کے واقعات رونما ہونے لگے ہیں، مگر اس قبیح فعل کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق بچیوں سے زیادتی کے واقعات قصور اور گوجرانوالہ میں پیش آئے، گوجرانوالہ میں پیش آئے واقعے میں تین اوباش نوجوانوں نے پونڈ والا کی رہائشی پندرہ سالہ لڑکی کو اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بناتے ہوئےلڑکی کی عزت کو تار تار کردیا۔
دلخراش واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ پونڈ والا میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں موقف اپنایا گیا کہ احسن نامی ملزم نے اپنے دوساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی سے زیادتی کی۔
مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کیا، جلد ہی پولیس کو کامیابی ملی اور زیادتی میں ملوث مرکزی ملزم احسن اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش کے لئے چھاپے جاری ہیں۔
کمسن بچیوں سے زیادتی کا دوسرا اور افسوسناک واقعہ ننھی زینب مرحوم کے علاقے قصور میں پیش آیا، جہاں راجہ جنگ کے گاؤں دیوی دوارہ میں پانچ سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، دلخراش واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔