لاہور: پنجاب کے دل لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، پولیس نے جرائم میں اضافے کی وجہ بھی بتا دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اب تک 5 آئی جی تبدیل کر چکی ہے، پولیس کے افسران میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھا ڑ کی گئی ہے، تاہم صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق لاہور میں ڈکیتی اور راہزنی کی 30 سے 40 وراداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں، گزشتہ ہفتے ڈاکو وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کے گھر بھی لوٹ مار کر کے چلتے بنے۔ واقعے میں ملوث 3 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے تھے، سی آئی اے پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔
رائیونڈ روڈ پر 6 ڈاکوؤں نے رات کو سینئر صحافی امتیاز عالم کا گھر بھی لوٹ لیا تھا، واردات کے دوران غیر ملکی کرنسی اور زیورات لوٹ کر ڈاکو فرار ہو گئے تھے، ڈاکوؤں نے گھر میں موجود پولیس اہل کار اور ڈرائیور کو باندھ دیا تھا۔ تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں بھی ملزمان سینئر صحافی سے لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے تھے۔
مناواں میں ایک گھر سے سوا کروڑ روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ لی گئی تھی، ایک ڈاکٹر کے گھر پر ہونے والی اس ڈکیتی میں 5 ڈاکو گھر سے 150 تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ لاہور کے علاقے شادباغ میں بھی گھر میں 28 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی، ڈاکو نقدی اور سونا لے کر کامیابی سے فرار ہو گئے۔ مانگا منڈی میں ڈاکوؤں نے پولیس اہل کاروں کے گھروں کا بھی صفایا کر دیا تھا، یکے بعد دیگرے 2 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، ٹریفک وارڈن کے گھر لوٹ مار سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور زیورات سے محروم کیا گیا، دوسری واردات میں گھر سے 12 تولے کا زیور ،نقدی، موبائل اور دیگر سامان لوٹا گیا۔ یہ واردات ریٹائر سب انسپکٹر کے گھر کی گئی تھی۔
کوٹ لکھپت میں ڈکیتی مزاحمت پر گارڈ کو قتل کر کے 8 لاکھ لوٹ لیے گئے تھے، پولیس حکام کے مطابق کوٹ لکھپت میں رحمت کالونی میں ڈاکو ملٹی نیشنل کمپنی سے 8 لاکھ لے اڑے، دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے قتل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر پولیس ڈویژن میں ڈکیتی کی واردتیں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم میں اضافے کی ایک وجہ زیادہ آبادی اور بے روز گاری ہے۔