اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سی پی ایل سی کا کراچی میں 50ہزار پولیس اہلکارتعینات کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے کی اہم وجہ پولیس کی کم نفری ہے، جرائم پر قابو پانے کے لیے کراچی میں کم از کم 50 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں۔

زبیر حبیب نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ’’ آپ جانتے ہیں کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کئی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، انسانی جان بہت قیمتی ہوتی ہے لہذا اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہ کریں بلکہ ڈاکو جو بھی طلب کرے وہ فوراً دے دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’کراچی کی آبادی کے حساب سے پولیس کی نفری بہت کم ہے، اسٹریٹ کرائم پر مکمل قابو پانے کے لیے شہر میں پولیس کی مزید نفری کو بھرتی کیا جائے اور اُن کو جدید دور کی ٹریننگ کے عمل سے بھی گزارا جائے۔

پولیس کے ناکے نہ ہونے کے سبب اسٹریٹ کرمنلز شہر میں آسانی سے گھومتے ہیں اور پولیس اس لیے ناکے نہیں لگا سکتی کہ ہر تھانے میں نفری بہت کم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ’’میرے علم میں ہے کہ پولیس میں بھرتیوں کا عمل شروع ہوچکا ہے مگر یہ بھرتیاں بھی آبادی کے لحاظ سے بہت کم ہیں‘‘۔

زبیر حبیب نے مزید کہا کہ شہر میں اچھے معیارکے جدید قسم کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ مجرموں کی شناخت کر کے اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

واضح رہے کہ آج دوپہر گلستان جوہر میں سپارکو کی گاڑی میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، جس میں ملزمان کی فائرنگ سے سپارکو کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا تھا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں