اسلام آباد : کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ سے ڈالر میں ادائیگیاں کرنے پر ٹیکس بڑھا کر پانچ فیصد کرنے کی تجویز دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ بجٹ میں ڈالر باہر لے جانے کیلئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی۔
فنانس بل دستاویز میں کریڈٹ اورڈیبٹ کارڈ سے ڈالر میں ادائیگیاں کرنے پر ٹیکس پانچ فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کی شق دو سو چھتیس کے تحت آف شور ڈیجیٹل خدمات پر ٹیکس دس سے بڑھاکر پندرہ فیصد کرنے کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ سمندرپار پاکستانیوں کے لیے ٹیکس میں رعایت دینے کی تجویز دی گئی ہے، اوورسیز کی کرائے کی آمدن پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کرکے ایک فیصد کرنے، پراپرٹی خریدنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس دو فیصد سےکم کرکے ایک فیصد اور سالانہ دوکروڑ کی کرائے کی آمدن پر دس فیصد فکس ٹیکس مقررکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تعمیراتی سامان کی سپلائی پر ٹیکس چار سے بڑھا کرپانچ فیصد اور کنٹریکٹرز پرسات سال کیلئےٹیکس چاراعشاریہ پانچ سے بڑھا کر پانچ اعشاریہ پانچ فیصد کرنےکی تجویزہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سپر ٹیکس میں پروگریسو رجیم کی تجویزبھی ہے، سالانہ پندرہ سے بیس کروڑ روپے کے منافع پرایک فیصد اور سالانہ بیس کروڑ سے زائد سے پچاس کروڑ تک سپر ٹیکس درجہ بدرجہ دس فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔