کراچی: شہر قائد کے سرکاری اسپتالوں میں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بیڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں آئی سی یو، ایچ ڈی یو بیڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ این ڈی ایم اے 73 آئی سی یو، 428 ایچ ڈی یو بیڈ فراہم کر رہی ہے، بیڈز کو اسپتالوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صحت کی خدمات بڑھائی جا رہی ہیں لیکن کرونا کیسز بھی بڑھ رہے ہیں، گنجان آبادی کے باعث کراچی میں زیادہ کیسز ہو رہے ہیں۔
اجلاس میں فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ کے لیے آلات اور ادویات مہیا کرنے کی منظوری دی گئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 107 افراد جاں بحق، 6,397 نئے کیسز، 8 لاکھ ٹیسٹ مکمل
واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 46,828 ہو گئی ہے، انفیکشن سے اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 776 ہو چکی ہے، دوسری طرف کرونا سے صوبے میں 22,047 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، سندھ میں ایکٹو کیسز کی تعداد 24,005 ہے۔
ادھر پاکستان بھر میں کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک سو سات اموات ہوئیں۔