بیجنگ : چینی انجینئرز نے کارنامہ کر دکھایا اور ٹریفک جام کا حل نکال لیا، انجینئرز نے سڑک پر چلتی گاڑیوں کے اوپر سے گزرنے والی بس تیار کرلی۔
چند ماہ قبل جب انوکھی بس کا ڈیزائن پیش کیا گیا تو کسی کو یقین بھی نہ تھا کہ بس اتنی جلد خواب سے حقیقت بن کر سڑک پر رواں دواں ہوگی لیکن چینی انجینئرز نے کمال مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بس تیار کرلی۔
بس کی ٹیسٹ ڈرائیو کیلئے سڑک کے دونوں جانب خصوصی ٹریک بنایا گیا، تین سو میٹر طویل ٹریک پر بس نے کامیاب سفر طے کیا، منصوبے کو ٹرانزٹ ایلیویٹڈ بس کا نام دیا گیا ہے۔
دو میٹر بلند بس بناء ٹریفک میں پھنسے سڑک پر چلتی گاڑیوں کے اوپر سے گزر سکے گی، برقی توانائی سے چلنے والی بس میں تین سو سے زائد مسافروں کی گنجائش ہے۔
منصوبے کے چیف انجینئر کا کہنا ہے کہ بس سے نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ جگہ کی بھی بچت ہوگی، بس کے تمام فنکشنز سب وے طرز کے ہیں، منصوبے پرسب وے کے مقابلے میں پانچ گنا کم لاگت آئے گی۔