وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ بھی پاک بھارت میچ کے موقع پر پُر جوش ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں، میری دعا ہے کہ پاکستان کی ٹیم آج کا میچ جیتے، خواہش ہے کہ محمد رضوان آج سینچری اسکور کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے عالمی مقابلوں کی بحالی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، امید ہے آئندہ بھی عالمی کرکٹ مقابلوں کے میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے، دہشت گرد ہر قسم کی اخلاقیات سے عاری ہوتے ہیں، سانحہ اےپی ایس پشاور ملکی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں، دہشت گرد عناصر بلوچستان میں ترقی کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو واپس لاکر ملک کا امن وامان داؤ پر لگایا گیا ہے۔