کراچی / ملتان / نوابشاہ / جنوبی وزیرستان / پشاور : ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا، قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی ملک بھر میں لہراتا رہا۔ فضا میں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں گونجتی رہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا جشن آزادی آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا گیا، اس سلسلے میں شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں، ملتان ،بہاولنگر، چوک اعظم، کہروڑ پکا سمیت پنجاب بھر میں جشن آزدی کے رنگ کشمیریوں کےسنگ تھے۔
فضا میں کشمیر بنے گا پاکستان کی صدائیں گونج اٹھیں۔ مردان، مالاکنڈ، خیبر سمیت پختونخوا کےمختلف اضلاع میں وطن عزیز کی محبت کے جذبے سے سرشار شہری سڑکوں پر نکل آئے، ابیٹ آباد میں بھی فضا کشمیریوں سے یکجہتی اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اس کے علاوہ نوابشاہ، مٹیاری، گھوٹکی، عمرکوٹ، سجاول، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان اور دادو سمیت سندھ بھر میں قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہراتا رہا۔ لاڑکانہ میں دھرم شالا پر پاکستان اور کشمیر کے پرچم آویزاں کردیئے گئے۔
جنوبی وزیرستان میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے قبائلی عوام نے ریلی نکالی۔ لنڈی کوتل میں عوام نے دنیا کا طویل ترین تین ہزار چھ سو فٹ طویل پرچم بنایا۔
؎بلوچستان میں جشن آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں گئیں۔ علاوہ ازیں سوئی، مکران، چاغی ،آوران، مستونگ اور کوسٹل ہائی وے پر ریلیاں نکالی گئیں، نوشکی، خضدار ، ہرنائی اور لورا لائی میں بھی کشمیر یوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔