مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے لیے دی گئی قربانیاں کشمیری قوم کااثاثہ ہیں، کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا حریت رہنماؤں کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہدا کشمیر کا مشن ہرصورت میں پورا کیا جائے گا، حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ قابض فوج منصوبہ بندی سے کشمیریوں کی املاک تباہ کررہی ہے، شہدا کشمیر سے تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، خواجہ عبدالغنی لون شہید منجھے ہوے سیاستدان ومفکر تھے۔
مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو کوشہید کردیا
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ میرواعظ محمد فاروق عالم دین اور شعلہ بیاں مقرر تھے، کشمیری قوم کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی، بھارت مظلوموں کی آواز نہیں دبا سکتا۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک میں بھی وادی میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، نام نہاد آپریشن کے نام پر نہتے مظلوم کشمیروں کو شہید کیا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیری کمانڈر ریاض نائیکو کو شہید کیا، ریاض نائیکو کو برہان وانی کی شہادت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔