شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آزاد امیدوار سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے جن میں پی کے 104 سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت ملک کلیم اللہ، مسرور اور محمد سخی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کلیم اللہ پی کے 104 کے لیے کاغذات جمع کروانے گئے تھے انہیں اور ساتھیوں کو واپسی پر نشانہ بنایا گیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بلوچستان کے شہر تربت میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدی پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق سابق سینیٹر اسلم بلیدی میر عیسیٰ قومی پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔
اسلم بلیدی این اے 258 سے آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگی کے امیدوار ہیں۔