بلرام پور: بھارت میں ایک گاؤں میں چیتے نے بچوں پر حملہ کردیا جبکہ ایک بچی کو شکار کرکے اپنے ساتھ لے گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے بلرام پور کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں چیتے نے 8 سالہ بچی پر حملہ کرکے اسے اپنے ساتھ لے گیا بعد میں بچی کی لاش جنگلات سے برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 8 سالہ انوشکا اتوار کو شام کے وقت کھیلنے نکلی تھی کہ جھاڑیوں میں چھپے چیتے نے حملہ کیا اور اسے اپنے ساتھ لے گیا۔
محکمہ جنگلات کے سب ڈویژنل افسر نے کہا کہ بچوں کے چیخنے سے لوگوں کی توجہ مبذول ہوئی، گاؤں والوں نے درندے چیتے کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بچی کے ساتھ غائب ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات کو تلاش کے دوران بچی کی مسخ شدہ لاش ملی، محکمہ نے کہا ہے کہ کھیتوں میں اور اس کے آس پاس دیہاتیوں کی مدد سے چیتے کو تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کی جائے گی، رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں چیتے کے حملوں میں دو بچی سمیت پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے محکمہ جنگلات کی ٹیم کو موقع پر بھیجا اور جلد از جلد چیتے کو پکڑنے کا حکم دیا ہے۔