بھارت میں مسافروں کی کورونا رپورٹس چیک نہ کرنے والی 4 ایئرلائنز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی کی سرکار نے مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں سے آنے والی مختلف ایئرلائنز کی پروازوں میں مسافروں کی کورونا رپورٹس کا جائزہ نہ لینے پر ایکشن لے لیا۔
دہلی حکومت نے انڈیگو، وستارا، سپائس جیٹ اور ایئر ایشیا کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ مقدمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ ان ایئرلائنز نے دارالحکومت آنے والی پروازوں کے مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ چیک نہیں کیے تھے۔
دارالحکومت میں کورونا صورتحال بگڑ چکی ہے اور اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں، صرف ایک روز میں 24 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجروال نے اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز کے لیے مرکزی حکومت سے مدد طلب کر لی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر کامن ویلتھ گیمز ویلج اور کچھ اسکولوں کو کورونا مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں مثبت کیسز آنے کی شرح 30 فیصد ہو چکی ہے۔