لندن: بھارتی ایئر ہوسٹس پر آدھی رات کو ہوٹل کے کمرے میں نامعلوم شخص نے حملہ کر کے اسے ہینگر سے پیٹ پیٹ کر زخمی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے ایک بڑے ہوٹل میں ایئر انڈیا کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کا ایک افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر واقع ریڈسن ریڈ ہوٹل کے کمرے میں ایئر ہوسٹس سو رہی تھی، جب اس پر ڈیڑھ بجے حملہ ہوا، ایک نامعلوم شخص کمرے میں گھسا اور ایئر ہوسٹس پر ہینگر سے حملہ کر دیا، حملہ آور سے اسے فرش پر گھسیٹا تاہم اس کی چیخوں نے ہوٹل کے عملے کو چوکنا کر دیا اور انھوں نے بروقت آ کر خاتون کو چھڑایا۔
ڈاکٹر ریپ قتل کیس، 10 لاکھ ڈاکٹر ہڑتال پر، متاثرہ خاندان کا ممتا بینر جی سے استعفے کا مطالبہ
ایئر لائن کے بیان کے مطابق لندن پولیس کو بھارتی ایئر ہوسٹس پر حملے کے واقعے کی اطلاع دی جا چکی ہے، اور وہ تحقیقات کر رہے ہیں، ایئر لائن اسٹاف نے مذکورہ ہوٹل میں تحفظ کے سلسلے میں پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ایئر انڈیا کے مطابق واقعے کے بعد ایئر ہوسٹس کو نفسیاتی کونسلنگ کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا، ترجمان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایئر انڈیا قانونی معاملات پر مقامی پولیس کے ساتھ بات کر رہی ہے، جب کہ ہوٹل انتظامیہ سے بھی رابطہ کر کے اسے تنبیہ کی گئی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔