پاکستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے اسلام آباد کی مکمل حامیت کے اعلان کے بعد بھارت نے ترک کمپنی کو اپنے ایئرپورٹس پر کام کرنے سے روک دیا۔
بلومبرگ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی سول ایوی ایشن سکیورٹی ایجنسی نے اپنے 9 ایئرپورٹس پر کام کرنے والی ترک کمپنی (Celebi Hava Servisi AS) کیلیے سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی۔
وزارت ایوی ایشن نے اپنے بیان میں بتایا کہ مذکورہ فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے، فیصلہ قومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ترکیہ کی جیولری کیخلاف بائیکاٹ مہم شروع
فیصلے کے چند گھنٹوں بعد دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ اور ممبئی اور احمد آباد کے ایئرپورٹس کے آپریٹر نے اپنے الگ الگ بیان میں کہا کہ ترکیہ کے گراؤنڈ ہینڈلنگ خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے ساتھ معاہدے ختم کر دیے ہیں۔
ترک کمپنی Celebi Hava Servisi AS نے بھارت کے 9 ایئرپورٹس پر خدمات انجام دیں جس میں دارالحکومت نئی دہلی میں گیٹ وے کی سہولیات اور ممبئی کا تجارتی مرکز بھی شامل ہے۔
مذکورہ فیصلہ ترکیہ کی جانب سے 6 مئی 2025 کو پاکستان پر بھارت کے حملے پر تنقید کے بعد سامنے آیا۔ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور انقرہ اکثر مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر اسلام آباد کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔
ترک کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ان بے بنیاد الزامات کو واضح کرنے اور مسلط کردہ احکامات کو واپس لینے کیلیے تمام انتظامی اور قانونی راستے اختیار کرے گی۔