لاہور : نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھارتی کی گولہ باری سے انٹیک اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ پر بھارتی کی جانب سے گولہ باری کی گئی ، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ نوسیری ڈیم دریائےنیلم پرواقع انٹیک اسٹرکچر کو گزشتہ شب 2 بجے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی گولہ باری سے ڈی سینڈرز یونٹ میں انٹیک گیٹس کونقصان پہنچا جبکہ ہائیڈرولک سسٹم کے ہائیڈرولک پروٹیکشن یونٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ بھارت کےبزدلانہ حملے میں ایک ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچا، بھارت کی جانب سے آبی ذخائر پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈور پارک پراجیکٹ میں نوسہری ڈیم کے اسٹرکچر کو نقصان پہنچایا، کسی ملک کے پانی کے ذخائر کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اورخطرناک عمل ہے حد سے تجاوز ہے۔
انھوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت نہیں جانتا کہ اس کے کیا نتائج ہوں گے، کیا جنگی قوانین اجازت دیتے ہیں کہ کسی ملک کے پانی کے ذخائر کو نشانہ بنائیں۔