نئی دہلی: بھارت اپنے جنگی جنون سے باز نہ آیا، بھارتی بحریہ کے لیے فرانس سے 26 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کی منظوری دے دی۔
طیاروں کی خریداری کے فیصلے سے واقف دو بھارتی حکام نے بدھ کے روز اس بات کا انکشاف کیا جبکہ توقع ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے، دونوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس خریداری کی منظوری بھارتی کابینہ کمیٹی برائے سلامتی امور نے دی، جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کررہے تھے۔
بھارتی حکام نے بتایا کہ فرانس کے وزیر دفاع دستخط سے قبل بھارت کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اس معاہدے کی مالیت تقریباً 630 ارب روپے (7 ارب ڈالرز) بنتے ہیں۔
بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان سے رافیل طیاروں کی خریداری پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا، تاہم انھوں رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
یہ اقدام بھارتی فوج کو جدید بنانے کے اہداف کا حصہ ہے، بھارتی فوج اپنے سوویت نژاد سازوسامان سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ بھارت نے مقامی ہتھیاروں کی پیداوار کو بھی بڑھایا ہے۔
ہندوستانی بحریہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران بحر ہند میں چین کی بحری موجودگی میں اضافہ ہوا ہے، اور اس نے خطے میں دوہرے مقاصد والے چینی جہازوں کو تعینات کیا ہے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ اس نے خطے میں سائنسی تحقیق اور پرامن مقاصد کے لیے جہاز تعینات کیے ہیں۔
بھارتی فضائیہ کے پاس اس وقت 36 رافیل لڑاکا طیارے موجود ہیں جبکہ بحریہ کے طیاروں کے بیڑے میں بنیادی طور پر روسی مگ 29 جیٹ طیارے شامل ہیں۔