اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور خبردار کیا ایسی مہم جوئی خطےکےامن واستحکام کیلئےخطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ رات بھارت کے حملے کے بعد بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور بتایا کہ بھارت نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بلااشتعال حملے کیے، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید و زخمی ہوئے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین اور بین الریاستی ضوابط کے منافی ہیں۔
پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد مؤقف کو مسترد کر دیا اور خبردار کیا گیا کہ ایسی مہم جوئی خطےکےامن واستحکام کیلئےخطرہ ہے
مزید پڑھیں : ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق
پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔
یاد رہے گذشتہ روز بھارت نے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بزدلانہ تاریخ دہرائی، رات کی تاریکی میں شہری آبادی کونشانہ بنایا۔
بھارت نے چھ مقامات پر حملے کئے، جس میں چھبیس شہری شہیداورچھیالیس زخمی ہوئے جبکہ پاکستان نے اپنے دفاع میں دشمن کےپانچ طیارےاورایک ڈرون مارگرایا، گرائے جانے والوں میں تین رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن اورایک ایس یوطیارہ شامل ہے۔